ساؤتھ ایشین گیمز کے میڈلسٹ پلیئرز کو سراہنے کا سلسلہ جاری

3

وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے تائیکوانڈو اور اسکواش ٹیم کے کھلاڑیوں میں چیک تقسیم کئے

اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے میڈلسٹ پلیئرز کو سراہنے کا سلسلہ جاری ہے ۔گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان کیلئے تائیکوانڈو اور اسکواش ٹیم کے کھلاڑیوں میں بھی انعامی رقم تقسیم کی البتہ کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی تدابیر کو پیش نظر رکھا گیا اور سادہ سی تقریب میں گولڈ میڈلسٹ پلیئرز کو دس لاکھ،سلور میڈلسٹ کو پانچ لاکھ اور برانز میڈلسٹ کو ڈھائی لاکھ روپے کی انعامی رقم کے چیک دیئے گئے ۔تقریب کے دوران اسکواش کی پلیئر مقدس اشرف کو پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا گیا جبکہ ان کی ساتھی کھلاڑیوں مدینہ ظفر،فائزہ ظفر اور آمنہ فیاض کے چیک پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان کے حوالے کئے گئے ۔پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکریٹری کرنل وسیم احمد اور پی ایس بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈمن اعظم ڈار کی موجودگی میں بین الصوبائی رابطے کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت کھلاڑیوں کے مسائل سے آگاہ ہے لہٰذا وسائل میں کمی کے باوجود کھیلوں کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ساؤتھ ایشین گیمز میں تائیکوانڈو، اسکواش اور ریسلنگ سمیت جن کھیلوں میں پلیئرز نے بہترین کارکردگی پیش کی ان کے معاشی حالات کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے جاتے رہیں گے ۔واضح رہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز گزشتہ برس نیپال میں منعقد ہوئے تھے جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے مجموعی 133 میڈلز جیتے جن میں 32 گولڈ،41 سلور اور 60 برانز میڈلز شامل تھے ۔پی ایس بی نے گزشتہ ہفتے بھی کامیاب کھلاڑیوں میں انعامی رقم تقسیم کی تھی جس میں ریسلنگ اور اسکواش کے پلیئرز شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.